پنجاب میں بارش اور برفباری، لاہور سردی کی لپیٹ میں

پنجاب میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ
Facebook
X
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

پنجاب بھر میں بارش اور پہاڑوں پر شدید برفباری، مری ایکسپریس وے بند

لاہور سمیت پنجاب بھر کے میدانی علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔ بارش اور برفباری کے اس سلسلے نے جہاں موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے وہیں روزمرہ زندگی اور سفری امور پر بھی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج رات اور 23 جنوری کے دوران تیز بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری کا امکان ہے۔ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق مری میں شام سے وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک تقریباً 12 انچ برف پڑ چکی ہے، جس کے باعث مری اور گرد و نواح میں سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے۔ شدید برفباری کے بعد مری ایکسپریس وے (این-75) پر پھلگراں ٹال پلازہ سے مری کی جانب ہر قسم کی ٹریفک بند کر دی گئی ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق مری ایکسپریس وے پر برفباری کے باعث ضلعی انتظامیہ نے مری جانے والی ٹریفک کا داخلہ بند کر دیا ہے۔ موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سفر سے قبل تازہ ترین ٹریفک صورتحال کے لیے نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس فالو کریں۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے اور انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم موسم کی صورتحال پر مسلسل نگرانی کر رہا ہے، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں 1129 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر مری میں مؤثر اور مربوط انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ سیاحوں کی سہولت کے لیے خوش میوہ جات اور کھانے پینے کی اشیاء کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ ہائی وے کا عملہ مسلسل شاہراہوں سے برف ہٹانے میں مصروف ہے تاکہ حالات بہتر ہونے پر آمدورفت بحال کی جا سکے۔

صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ خود مری میں تمام انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ٹورسٹ کیمپس مکمل طور پر فعال ہیں اور تمام متعلقہ محکموں کے ملازمین ڈیوٹی پر موجود ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں سب سے زیادہ 38 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ چکلالہ میں 38، کچہری 15، شمسباد 16 اور پیر ودہائی میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ چکوال میں 37، سیالکوٹ میں 34، نارووال 33، منگلا 29، اٹک 28 اور سرگودھا میں 27 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح جہلم میں 23، جوہرآباد 22، لاہور 21، گجرات 20، ملتان 19، نورپور تھل 16 اور لیہ میں 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ حافظ آباد میں 13، شیخوپورہ 11، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ میں 10، کوٹ ادو 9، ڈی جی خان 7، خانیوال 6 جبکہ ساہیوال اور فیصل آباد میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے صوبے بھر میں موسمی صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری ہے اور شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش اور برفباری کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔

[فرمان الہی]
[نماز کے اوقات]