ایل پی جی مزید مہنگی، گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 58 روپے سے زائد اضافہ

پاکستان میں اوگرا کی جانب سے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں اضافہ
Facebook
X
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

ایل پی جی مزید مہنگی، گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 58 روپے سے زائد اضافہ،

اسلام آباد: مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی توانائی مارکیٹ پر دباؤ برقرار ہے، جس کے اثرات پاکستان میں بھی سامنے آنے لگے ہیں۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی (LPG) کی قیمت میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کی نمائندہ تصویر
خام تیل کی عالمی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا رجحان برقرار

اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی قیمت میں 4 روپے 95 پیسے فی کلوگرام اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد گھریلو صارفین کے زیر استعمال 11.8 کلوگرام کے سلنڈر کی قیمت میں 58 روپے 51 پیسے کا اضافہ ہو گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جون 2026 کے لیےگھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 3 ہزار 643 روپے 41 پیسے مقرر کی گئی ہے، جبکہ ایل پی جی کی فی کلو قیمت بڑھ کر 308 روپے 76 پیسے ہو گئی ہے۔

اوگرا کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے اور صارفین کو جون کے مہینے میں اسی نرخ پر ایل پی جی دستیاب ہوگی۔

توانائی ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری جغرافیائی کشیدگی اور عالمی منڈی میں توانائی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث ایل پی جی سمیت دیگر ایندھن کی قیمتوں پر بھی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

دوسری جانب صارفین نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی کے موجودہ دباؤ کے پیش نظر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

 
[فرمان الہی]
[نماز کے اوقات]