معرکہ حق کے بعد جہازوں کے اتنے آرڈر مل رہے ہیں کہ 6 ماہ میں آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہنےکی پوزیشن میں ہوں گے : خواجہ آصف
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ مئی 2025 کے پاک بھارت تنازع میں پاکستانی فضائیہ کی شاندار اور فیصلہ کن کارکردگی کے بعد پاکستان کو دنیا بھر سے دفاعی ساز و سامان کے بڑے آرڈرز موصول ہو رہے ہیں، جس سے ملکی معیشت کو سہارا مل سکتا ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستانی طیاروں نے مئی کے تنازع کے دوران یہ ثابت کر دیا کہ وہ جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس اور عملی جنگی صلاحیت رکھتے ہیں۔
خواجہ آصف کے مطابق،
“ہمارے طیارے مکمل طور پر ٹیسٹ ہو چکے ہیں، اس وقت اتنے آرڈرز آ رہے ہیں کہ اگر یہ مکمل ہو گئے تو ممکن ہے چھ ماہ بعد پاکستان کو آئی ایم ایف کی مالی امداد کی ضرورت ہی نہ رہے۔”
عالمی سطح پر پذیرائی
وزیر دفاع نے کہا کہ یہ دفاعی آرڈرز پاکستانی افواج کی صلاحیتوں پر عالمی اعتماد کا مظہر ہیں اور مئی کے تنازع میں کامیابی سے پاکستان کی عزت اور ساکھ میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس تنازع نے ثابت کر دیا کہ پاکستان اپنی دفاعی صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل اہلیت رکھتا ہے۔
بھارت کو سخت پیغام
خواجہ آصف نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت نے دوبارہ کسی قسم کی جارحیت کی تو پاکستان بنیان مرصوص کی طرح متحد ہو کر منہ توڑ جواب دے گا۔
ان کا کہنا تھا،
“مئی میں بھارت بری طرح ناکام ہوا، نریندر مودی کی ساکھ نہ صرف اپنے ملک بلکہ عالمی سطح پر بھی متاثر ہوئی۔”

علاقائی صورتحال اور طالبان پر تنقید
وزیر دفاع نے انکشاف کیا کہ مئی کے تنازع کے دوران بھارت نے امریکا اور چین سے رابطے کیے، تاہم پاکستان نے بروقت اور فیصلہ کن ردعمل دے کر بھارتی اعتماد کو شدید دھچکا پہنچایا۔
انہوں نے افغان طالبان پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کسی بھی صورت قابل اعتماد نہیں، چاہے ان کی کوئی بھی فرنچائز ہو۔ ان کے مطابق طالبان بھارت سے روابط رکھتے ہیں اور ان پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔
داخلی سیاست پر تنقید
خواجہ آصف نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ اور جنرل (ر) فیض حمید پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے طالبان کی واپسی سے متعلق خوش فہمیاں پھیلائیں، جن کی حمایت اس وقت کی پی ٹی آئی قیادت بھی کرتی رہی۔
انہوں نے خیبر پختونخوا حکومت کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں پہلی بار شناخت کو مسخ کیا جا رہا ہے اور دہشت گردی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے دور میں خیبر پختونخوا کو شدید نقصان پہنچایا گیا اور آج بھی طالبان کو بھتہ دینے والے عناصر حکومت کا حصہ ہیں۔
دفاعی طاقت پر واضح مؤقف
وزیر دفاع نے واضح کیا کہ پاکستان کی افواج دنیا کی مضبوط ترین افواج میں شمار ہوتی ہیں اور پاکستان میں کسی بھی قسم کا وینزویلا جیسا آپریشن ممکن نہیں۔
🚨🚨 "We're receiving so many aircraft orders that in six months, we may not need the IMF anymore. We'll humbly request forgiveness and live within our own means, Insha'Allah."
— Pakistan's Defence Minister Khawaja Muhammad Asif pic.twitter.com/5pH0ET4bH2
— 𝘿𝙀𝙁𝙀𝙉𝘾𝙀-2026 (@DEFENCE_2026) January 7, 2026