پاسپورٹ سسٹم میں بڑی اصلاحات: ہوم ڈلیوری مؤثر، دفاتر میں کیش لیس نظام نافذ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: محسن نقوی نے شہریوں کو سہولت دینے کے لیے پاسپورٹ سسٹم میں اہم اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے گھروں کی دہلیز تک پاسپورٹ ڈلیوری کو مزید مؤثر بنانے اور پاسپورٹ دفاتر میں مکمل کیش لیس سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
طلال چوہدری کے ہمراہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے ہدایت دی کہ آئندہ 15 روز کے اندر پاسپورٹ دفاتر میں مکمل کیش لیس نظام رائج کیا جائے، تاکہ نقد ادائیگی کے خاتمے سے ایجنٹ مافیا کا سدباب کیا جا سکے اور شفافیت کو فروغ ملے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نارمل پاسپورٹ کے اجرا کا وقت 21 دن سے کم کر کے 14 دن کر دیا جائے گا، جس سے شہریوں کو تیز تر سہولت میسر آئے گی۔
محسن نقوی نے بزنس پاسپورٹ کے اجرا کے نظام کو بھی جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت دی اور کہا کہ جدید تقاضوں کے مطابق پاسپورٹ اتھارٹی کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔
حکام کے مطابق ان اقدامات سے نہ صرف پاسپورٹ کے حصول کا عمل تیز اور آسان ہوگا بلکہ کرپشن اور غیر ضروری تاخیر جیسے مسائل پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کیش لیس سسٹم اور ہوم ڈلیوری جیسے اقدامات ڈیجیٹل گورننس کی جانب اہم پیش رفت ہیں، جو عوامی خدمات کو مزید شفاف اور مؤثر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
نارمل پاسپورٹ 21 دن سے کم کرکے اب 14 کر دیا گیا
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری کی زیر صدارت اجلاس میں شہریوں کی سہولت کیلئے بڑے فیصلے
نارمل پاسپورٹ 21 دن سے کم کرکے اب 14 کر دیا ہے ۔ محسن نقوی
پاسپورٹ دفاتر میں مکمل کیش لیس سسٹم رائج ہوگا۔ pic.twitter.com/dIfhRcwuWL
— Ministry of Interior GoP (@MOIofficialGoP) April 30, 2026