پاکستان اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے درمیان ڈیجیٹل ادائیگیوں میں جدت کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط،وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی ڈیجیٹل مالیاتی مارکیٹس میں بڑھتی ہوئی عالمی دلچسپی کو سراہا
اسلام آباد : پاکستان اور امریکہ کی معروف مالیاتی کمپنی ورلڈ لبرٹی فنانشل کے درمیان ڈیجیٹل ادائیگیوں میں جدت اور سرحد پار مالیاتی لین دین کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے آج اسلام آباد میں ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد نے چیف ایگزیکٹو آفیسر زچری وٹکوف (Zachery Witkoff) کی قیادت میں ملاقات کی۔
وزیراعظم شہباز شریف اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے درمیان ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور چیئرمین پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی بلال بن ثاقب نے بھی شرکت کی۔
وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کا اظہار کیا جس کا مقصد شہریوں کیلئے آسان رسائی، روابط میں اضافہ اور شفافیت کو فروغ دینا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کا فروغ اور مالیاتی جدت پاکستان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت کا اہم جزو ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی ڈیجیٹل مالیاتی مارکیٹس میں بڑھتی ہوئی عالمی دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان تیزی سے عالمی ڈیجیٹل معیشت کا حصہ بن رہا ہے۔
ورلڈ لبرٹی فنانشل کے سی ای او زچری وٹکوف نے پاکستان کے ساتھ محفوظ اور شفاف ڈیجیٹل ادائیگی کے بنیادی ڈھانچے کی تیاری میں تعاون کی خواہش کا اظہار کیا، جس میں سرحد پار سیٹلمنٹ، زرمبادلہ کے حصول اور ادائیگی کے نظام میں جدید حل شامل ہیں۔
انہوں نے پاکستان کے پالیسی فریم ورک کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی ڈیجیٹل معیشت میں پاکستان کے کردار کو مضبوط بنانے میں اہم ثابت ہو رہا ہے۔ زچری وٹکوف نے نیکسٹ جنریشن ڈیجیٹل ادائیگیوں اور سرحد پار مالیاتی جدتوں کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
بعد ازاں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے حکومتِ پاکستان اور SC فنانشل ٹیکنالوجیز ایل ایل سی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب کا مشاہدہ کیا۔
یہ ادارہ ورلڈ لبرٹی فنانشل سے منسلک ہے، جس کا مقصد ابھرتے ہوئے ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام، سرحد پار لین دین اور تکنیکی تعاون پر مکالمے اور تجربات کا تبادلہ ممکن بنانا ہے۔
مفاہمتی یادداشت پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور سی ای او ورلڈ لبرٹی فنانشل زچری وٹکوف نے دستخط کیے۔
براہِ راست:وزیراعظم کی ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد سے ملاقات،مفاہمتی یاداشتوں کی تقریب میں شرکت https://t.co/n9pE6GoXhz
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) January 14, 2026