پاکستان بورڈ آف پیس کا حصہ تو ہے مگر ابراہام معاہدے سے کوئی تعلق نہیں: ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کی ابراہام معاہدے پر ہفتہ وار بریفنگ
Facebook
X
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

پاکستان بورڈ آف پیس کا حصہ تو ہے مگر ابراہام معاہدے سے کوئی تعلق نہیں، فلسطین کے معاملے پر پاکستان کا مؤقف واضح اور مستقل ہے: ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کا بورڈ آف پیس میں شامل ہونا کسی صورت ابراہام معاہدے سے وابستہ نہیں، اور پاکستان ابراہام معاہدے کا حصہ نہیں بنے گا۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ بورڈ آف پیس کو ابراہام معاہدے سے جوڑنا ایک غلط فہمی ہے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی اصولوں پر مبنی ہے اور فلسطین کے معاملے پر پاکستان کا مؤقف واضح اور مستقل ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بورڈ آف پیس میں نیک نیتی کے تحت شمولیت اختیار کی ہے، جس کا بنیادی مقصد غزہ میں جنگ بندی کو مستحکم بنانا، تعمیرِ نو میں معاونت اور فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت پر مبنی دیرپا امن کا قیام ہے۔

وادی تیراہ سے نقل مکانی پر وزیر دفاع خواجہ آصف پریس کانفرنس
وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ وادی تیراہ سے نقل مکانی کا آپریشن سے کوئی تعلق نہیں

انہوں نے بتایا کہ بورڈ آف پیس میں پاکستان اکیلا شامل نہیں بلکہ سعودی عرب، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، قطر اور انڈونیشیا سمیت دیگر مسلم ممالک بھی اس پلیٹ فارم کا حصہ ہیں۔ بورڈ آف پیس کا آغاز گزشتہ برس ستمبر میں اجتماعی کوشش کے تحت کیا گیا تھا اور اسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی حمایت بھی حاصل ہے۔

امریکی سفری ہدایات سے متعلق سوال پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ امریکا کی جانب سے جاری کی گئی نئی ٹریول ایڈوائزری ڈاؤن اسکیل نہیں بلکہ اپڈیٹ ہے، جس میں پاکستان سے متعلق بعض سابقہ سکیورٹی خدشات نکال دیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اپڈیٹ کے بعد امریکی شہریوں کے لیے پاکستان کا سفر مزید آسان ہو گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ امریکا کے ساتھ ویزہ پابندیوں کے خاتمے پر بات چیت اسلام آباد اور واشنگٹن میں جاری ہے اور پاکستان کو امید ہے کہ جلد ویزا پابندیوں کی فہرست سے نکال دیا جائے گا۔

بین الاقوامی استحکام فورس سے متعلق سوال پر طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان نے ایسی کسی فورس میں شمولیت کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برس سے غزہ کے عوام شدید انسانی بحران کا شکار ہیں اور بورڈ آف پیس اس مسئلے کے حل کے لیے ایک امید کی کرن ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے زور دیا کہ پاکستان فلسطینی کاز کی مکمل حمایت جاری رکھے گا اور کسی بھی ایسے اقدام کا حصہ نہیں بنے گا جو اس اصولی مؤقف کے منافی ہو۔

 

متعلقہ خبریں

[فرمان الہی]
[نماز کے اوقات]