پاکستان اور کینیڈا تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے پر متفق، اہم معاہدوں میں پیش رفت

پاکستان اور کینیڈا تجارت و سرمایہ کاری پر اتفاق
Facebook
X
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور کینیڈا تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف اور کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک نے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کینیڈا سے کینولا کی درآمد کے پروٹوکول پر دستخط کی تقریب کا مشاہدہ بھی کیا، جسے زرعی اور تجارتی تعاون کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

بعد ازاں کینیڈا کی وزیر خارجہ کی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بھی ملاقات ہوئی۔ مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، عوامی روابط اور اعلیٰ سطح کے سرکاری تبادلوں کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ دونوں ممالک نے فارن انویسٹمنٹ پروٹیکشن اینڈ پروموشن ایگریمنٹ (FIPPA) سے متعلق مذاکرات جلد مکمل کرنے اور پاک، کینیڈا مشترکہ ورکنگ گروپ برائے تجارت و سرمایہ کاری کو دوبارہ فعال کرنے پر اتفاق کیا۔

دونوں ممالک نے صاف توانائی، کان کنی، زراعت، بنیادی ڈھانچے، جدید ٹیکنالوجی اور ماحولیات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق کینیڈا نے اقوام متحدہ، انٹرپول اور دیگر بین الاقوامی اداروں کے ذریعے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ تعلیم، صحت اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے منصوبوں میں ترقیاتی معاونت فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی گئی۔

دونوں ممالک نے افغانستان کی صورتحال، دہشت گردی، علاقائی امن و سلامتی اور اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی فورمز پر باہمی تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

اعلامیے میں یہ بھی بتایا گیا کہ کینیڈا نے خطے میں پاکستان کی ثالثی کی کوششوں اور اسلام آباد میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت تک پہنچنے میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور جنگ بندی و مفاہمتی اقدامات کی حمایت کا اظہار کیا۔

اپنے دورۂ پاکستان کے دوران کینیڈا کی وزیر خارجہ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بھی ملاقات کی، جس میں غیر قانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ اور سائبر کرائم کے خلاف تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

علاوہ ازیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات میں علاقائی امن، عالمی سلامتی اور خطے کی مجموعی صورتحال پر گفتگو ہوئی، جہاں پاکستان کے مؤقف اور امن کے لیے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

READ MORE FAQS

پاکستان اور کینیڈا نے کن شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا؟

دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، صاف توانائی، زراعت، کان کنی، بنیادی ڈھانچے، جدید ٹیکنالوجی اور ماحولیات سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

فارن انویسٹمنٹ پروٹیکشن معاہدے سے متعلق کیا فیصلہ ہوا؟

دونوں ممالک نے فارن انویسٹمنٹ پروٹیکشن اینڈ پروموشن معاہدے (FIPPA) پر مذاکرات جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا۔

کیا مشترکہ تجارتی ورکنگ گروپ دوبارہ فعال ہوگا؟

جی ہاں، پاکستان اور کینیڈا نے مشترکہ ورکنگ گروپ برائے تجارت و سرمایہ کاری کو دوبارہ فعال کرنے پر اتفاق کیا۔

کینیڈا نے پاکستان کی کن کوششوں کو سراہا؟

کینیڈا نے خطے میں پاکستان کی ثالثی کی کوششوں اور امن کے لیے سفارتی کردار کو سراہا۔

متعلقہ خبریں