پاکستان کی ثالثی کو عالمی سطح پر پذیرائی، اسلام آباد مذاکرات کی تاریخ طے نہیں: دفتر خارجہ
طاہر حسین اندرابی، ترجمان دفتر خارجہ پاکستان نے کہا ہے کہ پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے اور پاکستان نے متحارب ممالک کے درمیان اسلام آباد مذاکرات کرا کر اہم سفارتی کردار ادا کیا ہے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن کے قیام کے لیے اوپن چیلنج قبول کیا اور کشیدگی کم کرنے کے لیے تعمیری سفارتی اقدامات کیے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔
لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، لبنان میں اسرائیل کی جارحیت اور حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے اور خطے میں کشیدگی میں اضافے پر تشویش رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد مذاکرات کے حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی تاریخ طے نہیں ہوئی، اس لیے قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔
سفارتی کوششوں کو عالمی پذیرائی
طاہر حسین اندرابی نے بتایا کہ شہباز شریف اور سید عاصم منیر کے حالیہ بیرونی دوروں کے دوران پاکستان کی سفارتی کوششوں کو مثبت انداز میں دیکھا گیا اور عالمی سطح پر ان اقدامات کو سراہا گیا۔

متحدہ عرب امارات سے تعلقات پر وضاحت
ترجمان دفتر خارجہ نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات سے متعلق افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ مالی معاملات کو دوطرفہ تعلقات سے جوڑنا درست نہیں۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کا دیرینہ اور برادر دوست ملک ہے اور فنڈز کی واپسی کے معاملات موجودہ کشیدگی سے پہلے کے ہیں۔
سعودی عرب کے ساتھ دفاعی تعاون
طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کا دفاعی معاہدہ فعال ہے اور پاکستان ایران اور سعودی عرب دونوں سے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ جامع امن کو فروغ دیا جا سکے۔
بھارتی افسر کی ترقی پر تشویش
ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی فوج کے افسر کرنل پروہت کی ترقی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سمجھوتہ ایکسپریس دھماکہ میں ملوث رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے افسر کی ترقی بھارت میں ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی سے متعلق سنجیدہ سوالات کو جنم دیتی ہے۔
🔴LIVE: Spokesperson's Weekly Press Briefing 16-04-2026 at Ministry of Foreign Affairs, Islamabad https://t.co/tEGWng71Wf
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) April 16, 2026