پشاور زلمی پی ایس ایل 11 کی چیمپئن، حیدرآباد کنگزمین کو شکست، زلمی کی ایونٹ میں دوسری فتح
لاہور: پشاور زلمی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حیدرآباد کنگزمین کو شکست دے کر پاکستان سپر لیگ 11 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ یہ زلمی کی ایونٹ میں دوسری فتح ہے۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں بابر اعظم کی قیادت میں زلمی نے کھیل کے ہر شعبے میں برتری دکھائی۔ 130 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ٹیم کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا رہا، تاہم ایرون ہارڈی اور عبدالصمد کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے 85 رنز کی اہم شراکت قائم کی، جس کی بدولت زلمی نے مطلوبہ ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ایرون ہارڈی 56 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے جبکہ عبدالصمد نے 48 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ کپتان بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل حیدرآباد کنگزمین نے بیٹنگ کرتے ہوئے اچھا آغاز کیا، تاہم درمیانی اوورز میں وکٹیں گرنے کے باعث پوری ٹیم 18ویں اوور میں آؤٹ ہوگئی۔ صائم ایوب نے 54 رنز بنا کر مزاحمت کی، جبکہ دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
بولنگ میں ایرون ہارڈی نے 4 وکٹیں حاصل کر کے نمایاں کارکردگی دکھائی، جبکہ ناہید رانا نے 2 اور دیگر بولرز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
میچ کے بعد شائقینِ کرکٹ کی بڑی تعداد نے زلمی کی جیت کا جشن منایا، جبکہ پہلی بار فائنل کھیلنے والی حیدرآباد کنگزمین نے بھی اپنی کارکردگی سے ایونٹ کو یادگار بنا دیا۔
YELLOW STORM CLAIMS THE HBL PSL TITLE AFTER NINE YEARS🔥#HBLPSL11 | #NewEra | #PZvHK pic.twitter.com/ejKtQG0PuL
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) May 3, 2026