جوئے کی ایپس کی تشہیر کیس: یوٹیوبرز رجب بٹ اور نانی والا کی پیشگی ضمانت میں توسیع

جوئے کی ایپس کی تشہیر : رجب بٹ اور نانی والا کی پیشگی ضمانت میں توسیع
Facebook
X
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

جوئے کی ایپس کی تشہیر کیس: یوٹیوبرز رجب بٹ اور نانی والا کی پیشگی ضمانت میں توسیع، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج منصور احمد نے مقدمے کی سماعت کی

لاہور کی مقامی سیشن عدالت نے سوشل میڈیا پر آن لائن جوئے کی ایپلی کیشنز کی تشہیر کے مقدمے میں یوٹیوبرز رجب بٹ اور نانی والا کی پیشگی ضمانت میں توسیع کر دی۔

منگل کے روز دونوں ملزمان اپنے وکلا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، اس موقع پر پولیس کی جانب سے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج منصور احمد نے مقدمے کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ تفتیشی افسر اس وقت لاہور ہائیکورٹ میں جاری عدالتی کارروائی میں مصروف ہیں، جس کے باعث کیس کا مکمل ریکارڈ پیش نہیں کیا جا سکا۔

این سی سی آئی اے کے وکیل کی جانب سے مہلت کی استدعا پر عدالت نے رجب بٹ اور نانی والا کی پیشگی ضمانت 26 جنوری تک بڑھا دی اور آئندہ سماعت پر مکمل ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ عدالت نے حاضری مکمل ہونے کے بعد رجب بٹ اور نانی والا کی پیشگی ضمانت پر کمرۂ عدالت سے جانے کی اجازت دے دی۔

کراچی سٹی کورٹ یوٹیوبر رجب بٹ پر وکلا کے مبینہ تشدد
یوٹیوبر رجب بٹ کراچی سٹی کورٹ میں تشدد کے بعد

سابقہ مقدمات کا پس منظر

یہ دونوں سوشل میڈیا کونٹینٹ کریئیٹرز پہلی بار قانونی مشکلات کا سامنا نہیں کر رہے۔
ستمبر 2025 میں این سی سی آئی اے نے رجب بٹ کے خلاف یوٹیوب، ٹک ٹاک اور انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے آن لائن جوئے کی ایپس کی تشہیر کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا۔

اسی طرح ندیم مبارک عرف نانی والا کے خلاف بھی سوشل میڈیا پر جوئے کی ایپس کی تشہیر کا مقدمہ قائم کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ انہیں ستمبر میں ایک اور کیس میں بھی گرفتار کیا گیا تھا، جس میں ان پر اپنی گاڑی پر جعلی رجسٹریشن نمبر پلیٹ IK-804 لگانے کا الزام تھا۔

پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش وہ جعلی نمبر پلیٹ کے حوالے سے تسلی بخش جواب نہ دے سکے، جو جیل میں قید پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سے منسوب بتائی جاتی ہے۔

رجب بٹ کے وکیل کا لائسنس بحال

اسی روز پنجاب بار کونسل نے رجب بٹ کے وکیل ایڈووکیٹ میاں علی اشفاق کا وکالت کا لائسنس بحال کر دیا۔

پنجاب بار کونسل کا وکیل میاں علی اشفاق کا لائسنس معطل
عدالتی ہڑتال کے دوران پیشی پر پنجاب بار کونسل کی کارروائی

یہ فیصلہ ایک روز قبل لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست کی سماعت کے بعد سامنے آیا، جس میں ایڈووکیٹ علی اشفاق نے اپنا لائسنس معطل کیے جانے کو چیلنج کیا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بار کونسل سے مکمل ریکارڈ طلب کرتے ہوئے وائس چیئرمین کو ہدایت کی تھی کہ وکیل کو ذاتی سماعت کا موقع دیا جائے۔

منگل کو پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین محمد اشفاق نے بتایا کہ ایڈووکیٹ علی اشفاق کا لائسنس بحال کر دیا گیا ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا کہ شکایت موصول ہونے کے بعد مختصر نوٹس جاری کیا گیا اور مناسب سماعت کا موقع دیے بغیر ہی ایگزیکٹو کمیٹی نے لائسنس معطل کر دیا تھا، جو فطری انصاف کے اصولوں کے منافی ہے۔

تاہم حکم نامے میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ ایڈووکیٹ علی اشفاق کی جانب سے ایگزیکٹو کمیٹی کے اختیارات سے متعلق اعتراض کو غلط فہمی قرار دے کر مسترد کر دیا گیا۔

وائس چیئرمین نے معاملہ مزید کارروائی کے لیے پنجاب بار کونسل کی ڈسپلنری کمیٹی کو بھجوا دیا اور دفتر کو ہدایت کی کہ لاہور ہائیکورٹ کو فیصلے سے آگاہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ ایڈووکیٹ علی اشفاق سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے فوجی عدالت میں مکمل ہونے والے ٹرائل میں بھی بطور وکیل پیش ہو چکے ہیں۔

 

[فرمان الہی]
[نماز کے اوقات]