صدر زرداری کے پانچ آرڈیننس جاری، خیبرپختونخوا کے ارکان اسمبلی کے بیشتر استحقاقات ختم
پشاور: صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبرپختونخوا سے متعلق پانچ آرڈیننس جاری کر دیے ہیں، جن کے تحت صوبائی اسمبلی کے ارکان کو حاصل بیشتر قانونی استحقاقات ختم کر دیے گئے ہیں۔ ان میں ارکان اسمبلی کو احتیاطی حراست سے تحفظ اور گرفتاری یا حراست سے قبل اسپیکر کی اجازت سے متعلق شقیں بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق آرڈیننس کے ذریعے خیبرپختونخوا اسمبلی کے اختیارات، استثنیٰ اور استحقاقات سے متعلق 2026 کے قانون کی 40 میں سے 21 دفعات حذف کر دی گئی ہیں۔ اسمبلی، ارکان اور کمیٹیوں کے استحقاق کی خلاف ورزی سے متعلق جرائم کا شیڈول بھی ختم کر دیا گیا ہے۔
حذف کی گئی اہم دفعات میں زیرِ حراست یا گرفتار رکن کی اسمبلی اجلاس میں شرکت، ارکان کے خلاف سول یا فوجداری کارروائی سے تحفظ، احتیاطی حراست، گرفتاری یا حراست سے قبل اسپیکر کی اجازت، استحقاق کی خلاف ورزی اور اس سے متعلق قانونی کارروائی کی دفعات شامل ہیں۔

آرڈیننس کے تحت حذف کی گئی دیگر شقوں میں اسمبلی کو ارکان کو طلب کرنے اور گرفتار کرنے کے اختیارات، استحقاق کی خلاف ورزی کو جرم قرار دینے اور اس پر کارروائی کرنے سے متعلق دفعات بھی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، اسپیکر بابر سلیم سواتی اور دیگر ارکان اسمبلی صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد احتیاطی حراست میں ہیں۔
دو آرڈیننسز کے ذریعے خیبرپختونخوا کے 12 مخصوص اضلاع اور صوبے کے دیگر اضلاع میں خصوصی ترقیاتی اقدامات کی نگرانی کے لیے الگ الگ ایگزیکٹو کمیٹیاں قائم کرنے کا قانونی طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔
مخصوص اضلاع کی کمیٹی کے چیئرمین، وائس چیئرمین اور دیگر ارکان وزیراعظم نامزد کریں گے، جبکہ باقی اضلاع کے لیے یہ اختیار گورنر خیبرپختونخوا کو دیا گیا ہے۔
ان کمیٹیوں کو ہنگامی نوعیت کے ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی، تجاویز اور پی سی ون کی جانچ و منظوری، منصوبوں کی نگرانی اور ان پر عمل درآمد کرنے والے اداروں کی سفارش کرنے کے اختیارات حاصل ہوں گے۔ ان اداروں میں فوجی تنظیمیں اور فارمیشنز بھی شامل ہو سکتی ہیں۔
آرڈیننس کے تحت کمیٹیاں منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے، نگرانی اور جانچ کے نظام بنانے اور ضرورت کے مطابق ذیلی کمیٹیاں تشکیل دینے کی بھی مجاز ہوں گی۔ ان کے اجلاس کم از کم ماہ میں ایک مرتبہ ہوں گے۔ خصوصی اقدامات سے متعلق دونوں آرڈیننسز کو خیبرپختونخوا پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی ایکٹ 2012 اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ایکٹ 2020 سمیت بعض دیگر قوانین پر فوقیت حاصل ہوگی۔
ان آرڈیننسز کے تحت کیے گئے اقدامات، جاری احکامات اور کارروائیوں سے متعلق معاملات میں سول عدالتوں کا دائرہ اختیار بھی ختم کر دیا گیا ہے۔ خیبرپختونخوا سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی آرڈیننس 2026 کے ذریعے دینی مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق قانون میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ اس کے تحت وفاقی وزارتِ تعلیم کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ریلیجس ایجوکیشن کے ساتھ رجسٹرڈ یا وہاں رجسٹریشن کروانے والے مدارس کو صوبائی سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ کے تحت الگ رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہوگی۔
صدر مملکت کے جاری کردہ پانچویں آرڈیننس کا تعلق خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی تنخواہوں، الاؤنسز اور مراعات سے ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی خیبر پختونخوا کے پانچ آرڈیننسز کی منظوری۔
ان میں مندرجہ ذیل آرڈیننسز شامل ہیں:
خیبر پختونخوا اسپیشل انیشیٹوز آرڈیننس 2026 (مخصوص اضلاع)۔
خیبر پختونخوا اسپیشل انیشیٹوز آرڈیننس 2026 (مخصوص اضلاع کے علاوہ)
خیبر پختونخوا صوبائی اسمبلی (اختیارات، استثنیٰ اور مراعات) (ترمیمی) آرڈیننس 2026
خیبر پختونخوا سوسائٹیز (رجسٹریشن) (ترمیمی) آرڈیننس 2026
خیبر پختونخوا اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر (تنخواہوں، الاؤنسز اور مراعات) آرڈیننس 2026
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) November 21, 2026
READ MORE FAQS”
سوال 1: صدر آصف علی زرداری نے خیبرپختونخوا سے متعلق کتنے آرڈیننس جاری کیے؟
جواب: صدر مملکت نے خیبرپختونخوا سے متعلق پانچ آرڈیننس جاری کیے ہیں۔
سوال 2: خیبرپختونخوا اسمبلی کے ارکان کے کتنے قانونی سیکشنز ختم کیے گئے؟
جواب: ارکان اسمبلی کے اختیارات، استثنیٰ اور استحقاقات سے متعلق قانون کے 40 میں سے 21 سیکشنز حذف کیے گئے ہیں۔
سوال 3: آرڈیننس کے تحت ارکان اسمبلی کا کون سا تحفظ ختم کیا گیا؟
جواب: احتیاطی حراست سے تحفظ اور گرفتاری یا حراست سے قبل اسپیکر کی اجازت سے متعلق قانونی شقیں حذف کی گئی ہیں۔
سوال 4: خصوصی ترقیاتی منصوبوں کے لیے کیا طریقہ کار بنایا گیا ہے؟
جواب: 12 مخصوص اضلاع اور صوبے کے دیگر اضلاع میں خصوصی اقدامات کی نگرانی کے لیے الگ الگ ایگزیکٹو کمیٹیاں قائم کرنے کا قانونی طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔




