ملتان سلطانز 2 ارب 45 کروڑ میں فروخت، پی ایس ایل کی مہنگی ترین فرنچائز،فروخت کے بعد فرنچائز کا نام اب تبدیل کر کے راولپنڈی رکھ دیا گیا
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز تاریخ کی سب سے مہنگی بولی میں فروخت ہو گئی ہے۔ ایکسپو سینٹر لاہور میں منعقد ہونے والی نیلامی کی تقریب میں ٹیکنالوجی کمپنی ولی ٹیک نے 2 ارب 45 کروڑ روپے کی ریکارڈ بولی لگا کر ملتان سلطانز کو 10 سال کے لیے خرید لیا۔

اس نیلامی میں ملتان سلطانز کی بیس پرائز 182 کروڑ روپے مقرر کی گئی تھی، جبکہ مجموعی طور پر 6 کمپنیوں نے پروپوزلز جمع کروائے۔ تکنیکی جانچ کے بعد 5 بڈرز کو اہل قرار دیا گیا، جن کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ بالآخر 245 کروڑ روپے کی سب سے بڑی بولی کے ساتھ ولی ٹیک کامیاب رہا۔
نیلامی کی تقریب میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی، سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اور قومی ٹیم کے سابق کپتان ظہیر عباس بھی موجود تھے۔
پی ایس ایل میں ملتان سلطانز 2 ارب 45 کروڑ میں فروخت کے بعد فرنچائز کا نام اب تبدیل کر کے راولپنڈی رکھ دیا گیا ہے، جس پر چیئرمین پی سی بی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملتان میں کرکٹ سے گہری محبت کی جاتی ہے، تاہم نئے مالکان کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔
پی سی بی کے مطابق اس نیلامی سے بورڈ کے خزانے میں 2 ارب روپے سے زائد رقم آنے کا امکان ہے، جو ملکی کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔
واضح رہے کہ ملتان سلطانز کے سابق مالک علی ترین نے معاہدے کی تجدید سے انکار کیا تھا، جس کے بعد فرنچائز کی نیلامی کا اعلان کیا گیا۔ ملتان سلطانز پی ایس ایل کی مقبول ترین اور کامیاب فرنچائزز میں شمار ہوتی رہی ہے۔
The historic moment of Walee Group winning the bidding race for HBL PSL Team Auction 💫#HBLPSL | #NewEra pic.twitter.com/mLD7lQb8GL
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) February 9, 2026