پاکستان نے نور خان ائیر بیس پر ایرانی طیاروں کی موجودگی کی خبروں کو مسترد کردیا، اس کا مقصد خطے میں امن، استحکام اور جاری سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچانا ہے
اسلام آباد: پاکستان نے نور خان ائیر بیس پر ایرانی طیاروں کی موجودگی سے متعلق خبروں کو گمراہ کن اور سنسنی خیز قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز کی اس رپورٹ کی تردید کی گئی جس میں نور خان ائیر بیس پر ایرانی طیاروں کی موجودگی کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھا۔

پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا کہ ایسی قیاس آرائیوں پر مبنی رپورٹس کا مقصد خطے میں امن، استحکام اور جاری سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچانا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ جنگ بندی کے بعد اور اسلام آباد مذاکرات کے ابتدائی مرحلے کے دوران ایران اور امریکا کے متعدد طیارے پاکستان پہنچے تھے تاکہ سفارتی عملے، سکیورٹی ٹیموں اور مذاکراتی عمل سے وابستہ اہلکاروں کی آمد و رفت کو آسان بنایا جا سکے۔
دفتر خارجہ کے مطابق بعض طیارے اور معاون عملہ مذاکرات کے اگلے دور کی توقع میں پاکستان میں ہی موجود رہے جبکہ ایرانی وزیر خارجہ کے اسلام آباد کے دورے بھی انہی انتظامی اور لاجسٹک سہولیات کے تحت ممکن بنائے گئے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان میں موجود ایرانی طیارہ جنگ بندی کے دوران آیا تھا اور اس کا کسی فوجی ہنگامی صورتحال یا حفاظتی انتظامات سے کوئی تعلق نہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اگرچہ ایران اور امریکا کے درمیان باضابطہ مذاکرات تاحال دوبارہ شروع نہیں ہوئے، تاہم دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے سفارتی روابط بدستور جاری ہیں۔
پاکستان نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ خطے میں امن، استحکام اور سفارتی کوششوں کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔
🔊PR No.1️⃣1️⃣6️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣6️⃣
Official Response to CBS Report on Iranian Aircraft in Pakistan
🔗⬇️ pic.twitter.com/ZqJw28nNaK
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) May 12, 2026