پاک فوج کا بھارتی آرمی چیف کے متنازع بیان پر سخت ردعمل، بھارت 8 دہائیاں گزرنے کے باوجود پاکستان کے وجود کو تسلیم نہیں کر سکا
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھارتی آرمی چیف کے متنازع اور اشتعال انگیز انٹرویو پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے غیر ذمہ دارانہ اور جنگی جنون پر مبنی بیان قرار دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جوہری طاقت رکھنے والے ہمسائے کو جغرافیے سے ختم کرنے کی بات ذہنی دیوالیہ پن اور خطرناک سوچ کی عکاسی کرتی ہے۔ بیان کے مطابق ایسی کسی بھی جغرافیائی تباہی کے نتائج مکمل اور دوطرفہ ہوں گے جنہیں کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

پاک فوج کے ترجمان ادارے نے کہا کہ بھارتی قیادت آٹھ دہائیاں گزرنے کے باوجود بھی پاکستان کے وجود کو دل سے تسلیم نہیں کر سکی، تاہم تمام تر بدخواہی کے باوجود پاکستان ایک ایٹمی طاقت اور خطے کی ناقابل تردید حقیقت ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ تکبر، اشتعال انگیزی اور جنگی جنون ماضی میں جنوبی ایشیا کو کئی بار جنگوں اور سنگین بحرانوں کی طرف دھکیل چکے ہیں، اس لیے خطے کے امن و استحکام کے لیے ذمہ دارانہ طرزِ عمل ناگزیر ہے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ خطے میں پائیدار امن صرف تحمل، سفارتکاری اور باہمی احترام کے ذریعے ہی ممکن ہے جبکہ دھمکی آمیز بیانات اور اشتعال انگیزی صورتحال کو مزید خراب کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی آرمی چیف نے اپنے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ پاکستان کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ تاریخ اور جغرافیے کا حصہ رہنا چاہتا ہے یا نہیں، جس کے بعد پاکستان میں اس بیان پر شدید ردعمل سامنے آیا۔
دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی کے ماحول میں اس قسم کے بیانات نہ صرف سفارتی تعلقات کو متاثر کرتے ہیں بلکہ خطے کے امن اور استحکام کے لیے بھی خطرہ بن سکتے ہیں۔
Any attempt to target #Pakistan can trigger consequences that shall neither be geographically confined nor strategically or politically palatable for India: ISPR@OfficialDGISPR #RadioPakistan #news https://t.co/QkTyeiVrtw pic.twitter.com/2SYB2wOhNK
— Radio Pakistan (@RadioPakistan) May 17, 2026