کینیڈا کے جنگلات میں آگ، فیفا ورلڈ کپ فائنل سے قبل نیویارک میں فضائی آلودگی کا الرٹ جاری
نیویارک: کینیڈا کے جنگلات میں لگنے والی شدید آگ کے دھوئیں نے امریکا کے شمال مشرقی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس کے باعث فیفا ورلڈ کپ فائنل سے قبل نیو جرسی اور نیویارک میں فضائی آلودگی (Air Quality) سے متعلق ہیلتھ الرٹ جاری کر دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام نے نیویارک میں فضائی آلودگی کے باعث شہریوں، خصوصاً بچوں، بزرگوں، حاملہ خواتین اور سانس کے مریضوں کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دھوئیں کے بادلوں کے باعث نیویارک اور گرد و نواح میں فضا کا معیار متاثر ہوا ہے، جبکہ نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں اتوار کو ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل سے قبل بھی فضائی آلودگی پر تشویش ظاہر کی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسپین کی ٹیم نے نیو جرسی میں اپنا تربیتی سیشن مکمل کیا، تاہم ٹیم انتظامیہ نے فضائی معیار پر کسی بڑی تشویش کا اظہار نہیں کیا۔ دوسری جانب ارجنٹینا کی ٹیم بھی فائنل سے قبل اپنی تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ اگر تیز ہوائیں چلیں یا بارش ہوئی تو دھوئیں کے بادل چھٹنے اور فضائی معیار میں بہتری آنے کا امکان ہے۔ حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور ضرورت پڑنے پر مزید حفاظتی اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ کینیڈا میں ہر سال موسم گرما کے دوران جنگلات میں لگنے والی آگ لاکھوں ایکڑ رقبے کو متاثر کرتی ہے، جبکہ اس کا دھواں امریکا کے کئی علاقوں تک پہنچ کر فضائی آلودگی اور صحت عامہ کے مسائل پیدا کرتا ہے۔






