پٹرول پمپس ایسوسی ایشن کا ملک گیر ہڑتال کا اعلان، کل رات 12 بجے سے پیٹرول پمپ غیر معینہ مدت تک بند رہیں گے
اسلام آباد: آل پاکستان پٹرول پمپس ایسوسی ایشن نے حکومت کے مجوزہ ڈیلی پرائس مکینزم کے خلاف ملک بھر میں غیر معینہ مدت کے لیے پیٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق اگر حکومت نے روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا فیصلہ واپس نہ لیا تو کل رات 12 بجے سے ملک بھر کے پیٹرول پمپ بند کر دیے جائیں گے۔
آل پاکستان پٹرول پمپس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری نعمان علی بٹ نے ویڈیو بیان میں کہا کہ وزارتِ پیٹرولیم کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے، جس کے باعث احتجاجاً پیٹرول پمپ غیر معینہ مدت تک بند کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ردوبدل کا نظام کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ان کے مطابق مجوزہ نظام سے پیٹرول پمپ مالکان کو مالی نقصان، کاروباری مشکلات اور قیمتوں کے غیر یقینی حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
نعمان علی بٹ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مجوزہ ڈیلی پرائس مکینزم کو فوری طور پر واپس لیا جائے، بصورت دیگر پورے ملک میں پیٹرول پمپ غیر معینہ مدت تک بند رہیں گے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے حال ہی میں فیصلہ کیا ہے کہ اوگرا (OGRA) اب پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ایکس ڈپو قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر جاری کرے گی۔ نئے نظام کے تحت قیمتوں کا تعین گزشتہ سات روز کی عالمی اوسط قیمتوں کی بنیاد پر کیا جائے گا، جبکہ ہفتہ اور اتوار کو پہلے سے مقررہ قیمتیں برقرار رہیں گی۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ اس نئے طریقہ کار سے قیمتوں کے تعین میں شفافیت آئے گی اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں کا فائدہ صارفین تک فوری پہنچ سکے گا، تاہم پیٹرول پمپ مالکان نے اس فیصلے کو کاروباری استحکام کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
ملک گیر ہڑتال کے اعلان کے بعد شہریوں میں پیٹرول کی دستیابی کے حوالے سے تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ حکومت اور ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اگر مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو ملک بھر میں ایندھن کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کے معاملے پر آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان مذاکرات ناکام، پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے کل رات سے پیٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان کردیا۔ pic.twitter.com/Kk6MFS7B03
— Shabbir Dar (@ShabbirDar5) July 21, 2026
READ MORE FAQS”
پیٹرول پمپ کب سے بند ہوں گے؟
کل رات 12 بجے سے ملک بھر میں غیر معینہ مدت کے لیے پیٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ہڑتال کی وجہ کیا ہے؟
حکومت کے مجوزہ روزانہ قیمتوں کے تعین (Daily Price Mechanism) کو مسترد کرتے ہوئے ایسوسی ایشن نے مذاکرات کی ناکامی کے بعد ہڑتال کا اعلان کیا۔
حکومت کا نیا پرائسنگ نظام کیا ہے؟
حکومت کے مطابق اوگرا روزانہ گزشتہ 7 دن کی عالمی اوسط قیمتوں کی بنیاد پر پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ایکس ڈپو قیمتیں جاری کرے گا، جبکہ ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رہیں گی۔
ایسوسی ایشن کا مؤقف کیا ہے؟
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ روزانہ قیمتوں میں تبدیلی کاروباری استحکام کو متاثر کرے گی، اس لیے وہ اس نظام کو کسی صورت قبول نہیں کرتی۔






