شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، دہشت گردوں کے 2 ٹھکانے تباہ
شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے دو ٹھکانے تباہ کر دیے۔ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں تیار شدہ دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات (آئی ای ڈیز)، دھماکہ خیز مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی کے جنوبی حصے میں واقع موزک گاؤں میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ اس دوران مساجد میں قائم خوارجی دہشت گردوں کے دو ٹھکانوں کو کلیئر کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران ان ٹھکانوں سے بڑی مقدار میں تیار شدہ آئی ای ڈیز، دھماکہ خیز مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ خوارجی دہشت گردوں نے مساجد کو دھماکہ خیز مواد ذخیرہ کرنے اور تشدد کے مراکز کے طور پر استعمال کیا۔
آئی ایس پی آر نے مساجد میں ایسے ٹھکانے قائم کرنے کو شعائرِ اسلام کی کھلی بے حرمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے لیے مذہبی مقامات کا استعمال قابلِ مذمت ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارتی سرپرستی یافتہ فتنۃ الخوارج کا اسلام کی بنیادی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کی پشت پناہی سے سرگرم خوارجی دہشت گرد اسلام کے نام پر گمراہ کن تشریح پیش کر رہے ہیں، جسے قبول نہیں کیا جا سکتا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ خیبر پختونخوا اور پاکستان کے عوام دہشت گردوں کی جانب سے مذہب کے غلط استعمال کو مسترد کرتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دیگر دہشت گرد ٹھکانوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی اہلکار علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے اور مزید ٹھکانوں کے خاتمے کے لیے کارروائیاں کر رہے ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔
READ MORE FAQS
1۔ شمالی وزیرستان میں آپریشن کہاں کیا گیا؟
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی کے جنوبی حصے میں واقع موزک گاؤں میں کیا گیا۔
2۔ آپریشن کے دوران کتنے دہشت گرد ٹھکانے تباہ کیے گئے؟
بیان کے مطابق دہشت گردوں کے دو ٹھکانے کلیئر کیے گئے۔
3۔ آپریشن کے دوران کیا برآمد ہوا؟
کارروائی کے دوران تیار شدہ آئی ای ڈیز، دھماکہ خیز مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
4۔ علاقے میں کلیئرنس آپریشن کیوں جاری ہے؟
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دیگر دہشت گرد ٹھکانوں کے خاتمے اور علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔








