بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے 2 بڑے آپریشنز، بھارتی حمایت یافتہ 41 دہشت گرد ہلاک، دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد
اسلام آباد/کوئٹہ: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے دو مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 41 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں 29 جنوری 2026 کو ضلع ہرنائی اور ضلع پنجگور میں کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق پہلا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع ہرنائی کے نواحی علاقے میں کیا گیا، جہاں فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں گھیرے میں لے کر کارروائی کی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 30 دہشت گرد مارے گئے۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشت گرد ماضی میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع پنجگور میں کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز نے فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے ایک اہم ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ اس کارروائی میں بھارتی حمایت یافتہ 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق پنجگور آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود کے علاوہ 15 دسمبر 2025 کو پنجگور میں ہونے والی بینک ڈکیتی سے لوٹی گئی رقم بھی برآمد کر لی گئی۔ یہ دہشت گرد علاقے میں بدامنی اور مالی جرائم میں ملوث رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی بھی مزید بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور شدہ حکمت عملی ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے مطابق دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔
اعلیٰ قیادت کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھارتی پشت پناہی سے سرگرم دہشت گردوں کے خلاف بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے 2 بڑے آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان جیسے دہشت گرد گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں ریاست کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف عزمِ استحکام کے تحت جاری کارروائیاں ملک میں امن و استحکام کے قیام تک جاری رہیں گی، جبکہ پراکسی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی اداروں کی مستعدی قابلِ تحسین ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے 2 بڑے آپریشنز پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے 41 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں اور پوری قوم اس جنگ میں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کامیاببلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے 2 بڑے آپریشنز پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائیاں کر کے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں قیامِ امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قوم کے لیے باعثِ اطمینان ہیں اور دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک یہ آپریشنز جاری رہیں گے۔
On 29 January 2026, forty one terrorists belonging to Indian proxy, Fitna al Khwarij and Fitna al Hindustan, were killed in two separate operations in Balochistan.
An intelligence based operation (IBO) was conducted in outskirts of Harnai District on reported presence of Fitna…
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) January 30, 2026