بلاول بھٹو کا سیاسی ری سیٹ کا مطالبہ، سیاسی قیدیوں کی رہائی پر زور

بلاول بھٹو سیاسی ری سیٹ اور سیاسی قیدیوں کی رہائی سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے

سسٹم تباہ نہیں ہوا، اسے تباہ کرایا گیا، سیاسی ری سیٹ کی ضرورت ہے: بلاول بھٹو

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں سیاسی اور پارلیمانی نظام پر عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے سیاسی ری سیٹ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سسٹم تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے تباہ کرایا گیا ہے، اس مسئلے کا حل غیر سیاسی نہیں بلکہ سیاسی ری سیٹ میں ہے۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ موجودہ نظام کو ری سیٹ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہر حقدار کو اس کا حق مل سکے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ خود بھی سسٹم کے کولیپس ہونے کے عمل میں ذمہ دار ہیں، تاہم ان کے بقول اس صورتحال کی وجوہات پر سنجیدہ گفتگو نہیں ہو رہی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اگر نظام کو سیاسی طور پر ری سیٹ کرنا ہے تو اس کا آغاز پارلیمان سے ہونا چاہیے۔ اپوزیشن کو پارلیمان پر اعتماد نہیں اور یہ اعتماد بحال کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ان کے مطابق پارلیمان ملک کا طاقتور ترین ادارہ ہے، جہاں ہر مسئلے پر اختلاف رائے کی گنجائش ہونی چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں سیاسی قیدیوں کو آزاد کرنا پڑے گا، یہ عمل آج نہیں تو کل ہونا ہی ہے۔ انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے پاس جا کر بات چیت کی جائے اور سیاسی مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے تلاش کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر تحریک انصاف دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کے لیے تیار ہے تو خیبرپختونخوا میں گورنر راج ختم کیا جا سکتا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت پر تنقید کریں، تاہم حکومت کو بھی ان کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں جو کردار ادا کیا، اس کے بغیر موجودہ حکمران اقتدار کی کرسی پر نہ ہوتے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ سیاسی انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں، کیونکہ تنقید کرنا اپوزیشن کی ذمہ داری ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں سب سے پہلے عوام کا اداروں پر اعتماد بحال کرنا ہوگا۔ ہر ادارے نے جو اعتماد کھویا ہے، اسے واپس حاصل کرنے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔

انہوں نے میڈیا اور پارلیمان کو اہم قومی ادارے قرار دیتے ہوئے کہا کہ اختلاف رائے جمہوریت کا بنیادی حصہ ہے اور پارلیمان میں ہر معاملے پر کھل کر بات ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق پارلیمان کا مسئلہ یہ ہے کہ اپوزیشن کو اس پر اعتماد نہیں، لہٰذا یہ اعتماد بحال کرنے کی سب سے بڑی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے میڈیا کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاید پاکستان کی تاریخ میں میڈیا اتنا کمزور کبھی نہیں ہوا جتنا آج ہے۔ صحافی اگر اس خوف میں مبتلا ہوں کہ سچ بولنے پر ان کے خلاف کارروائی ہو سکتی ہے تو وہ آزادانہ طور پر کیسے کام کریں گے؟

انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو وہ آزادی اور طاقت ملنی چاہیے جو ان کا حق ہے، کیونکہ آزاد میڈیا جمہوری نظام اور عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے ضروری ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے ملک کی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اتنے خراب معاشی حالات نہیں دیکھے۔ جس تیزی سے مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے، اس میں عام آدمی کے لیے گزارہ کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں غریب اور پسماندہ طبقے کے مستقبل کے حوالے سے شدید تشویش ہے۔ پاکستان کے سیاستدان عوامی مسائل کو بھول کر نفرت اور تقسیم کی سیاست میں مصروف ہیں، جبکہ مہنگائی، معاشی مشکلات اور عام شہریوں کے مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کرپشن کو پاکستان کا بنیادی مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے، لیکن بظاہر اس معاملے پر کسی کی خاص دلچسپی دکھائی نہیں دیتی۔

بلاول بھٹو زرداری کے مطابق ملک کو سیاسی استحکام، اداروں پر اعتماد، آزاد میڈیا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ سیاسی اقدامات کی ضرورت ہے۔

وَأَقِيمُوا الصَّلَاةَ وَآتُوا الزَّكَاةَ وَركَعُوا مَعَ الرَّاكِعِينَ

فجر05:15 AM
طلوع آفتاب06:41 AM
ظہر11:53 AM
عصر02:44 PM
مغرب05:04 PM
عشاء06:30 PM
اے ایمان والو! اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لے کر آئے، تو خوب تحقیق کر لیا کرو، ایسا نہ ہو کہ تم کسی قوم کو نادانی میں نقصان پہنچا بیٹھو، پھر اپنے کیے پر پچھتاتے رہو۔  الحجرات: 6