اورماڑہ کے قریب لاپتا کارگو طیارے کا ملبہ مل گیا، عملے کے 5 ارکان کی تلاش جاری، طیارے کا ملبہ اورماڑہ کے ساحل سے تقریباً 53 ناٹیکل میل جنوب میں ملا
کراچی: شارجہ سے کراچی آنے والا نجی کارگو طیارہ، جو گزشتہ شب دورانِ پرواز لاپتا ہوگیا تھا، اس کا ملبہ بلوچستان کے ساحلی علاقے اورماڑہ کے قریب سمندر سے مل گیا، جبکہ طیارے میں سوار عملے کے پانچ ارکان کی تلاش تاحال جاری ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق لاپتا کارگو طیارے کی تلاش کے لیے پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (PMSA) کی جانب سے مشترکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مسلسل جاری ہے۔
ترجمان پی اے اے نے بتایا کہ پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے نے 12 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے دوران کے ٹو ایئرویز (K2 Airways) کے بوئنگ 737 کارگو طیارے کا ملبہ سمندر سے تلاش کر لیا ہے۔

بیان کے مطابق طیارے کا ملبہ اورماڑہ کے ساحل سے تقریباً 53 ناٹیکل میل جنوب میں ملا، جبکہ مزید شواہد اور عملے کے پانچوں ارکان کی تلاش کے لیے بحری اور فضائی سرچ آپریشن بدستور جاری ہے۔
پی اے اے کے مطابق پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے کے بحری جہاز، ہیلی کاپٹرز اور دیگر فضائی اثاثے سرچ آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں تاکہ طیارے کے عملے اور دیگر ممکنہ شواہد تک جلد از جلد رسائی حاصل کی جا سکے۔
واضح رہے کہ کے ٹو ایئرویز کا کارگو طیارہ گزشتہ شب شارجہ سے کراچی آ رہا تھا کہ دورانِ پرواز اس نے نیویگیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دی، جس کے کچھ ہی دیر بعد طیارے کا ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوگیا اور وہ ریڈار سے بھی غائب ہوگیا۔
کارگو طیارے میں عملے کے پانچ افراد سوار تھے۔ ذرائع کے مطابق طیارہ چند روز قبل فنی خرابی کے باعث مرمت کے لیے شارجہ بھیجا گیا تھا، جہاں پانچ روز تک مرمت کے بعد اسے فیری فلائٹ (خالی پرواز) کے ذریعے کراچی واپس لایا جا رہا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔
The Pakistan Navy & Pakistan Maritime Security Agency (PMSA) have located and identified wreckage from the K2 Airways Cargo B737 which was declared missing last night. The wreckage was recovered from 53 NM South of ORMARA, Pakistan
PN & PMSA have continued the Search & Rescue… pic.twitter.com/odVWDWFYP3
— Pakistan Armed Forces News 🇵🇰 (@PakistanFauj) July 8, 2026
READ MORE FAQS”
کارگو طیارے کا ملبہ کہاں ملا؟
اورماڑہ کے ساحل سے تقریباً 53 ناٹیکل میل جنوب میں سمندر سے ملبہ برآمد کیا گیا۔
طیارے میں کتنے افراد سوار تھے؟
کارگو طیارے میں عملے کے پانچ ارکان موجود تھے۔
سرچ آپریشن کون کر رہا ہے؟
پاک بحریہ، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (PMSA) اور دیگر متعلقہ ادارے مشترکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔
طیارہ کہاں سے کہاں جا رہا تھا؟
K2 ایئرویز کا کارگو طیارہ شارجہ سے کراچی آرہا تھا اور فیری فلائٹ پر تھا۔






