فیسکو کی 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے اہم ہدایت، کیو آر ویریفکیشن نہ کرانے پر سبسڈی بند ہونے کا خدشہ
فیصل آباد: فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین کو خبردار کیا ہے کہ حکومتی سبسڈی برقرار رکھنے کے لیے اپنے بجلی کے بل پر موجود کیو آر (QR) کوڈ کے ذریعے فوری ویریفکیشن مکمل کریں، بصورت دیگر مستقبل میں انہیں سبسڈی سے محروم ہونا پڑ سکتا ہے۔
فیسکو کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزارتِ توانائی کی ہدایات اور چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد عامر کی ہدایت پر پروٹیکٹڈ صارفین کی رجسٹریشن اور ویریفکیشن مہم تیز کر دی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد مستحق صارفین کو کراس سبسڈی کی سہولت بلا تعطل فراہم کرنا، سبسڈی کے نظام کو مزید شفاف، محفوظ اور مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانا ہے۔

ترجمان فیسکو محمد سعید رضا کے مطابق فیسکو ریجن میں حکومتی سبسڈی کے اہل پروٹیکٹڈ صارفین کی مجموعی تعداد 39 لاکھ 51 ہزار 336 ہے۔ ان میں سے اب تک 17 لاکھ 13 ہزار 110 صارفین کامیابی سے کیو آر ویریفکیشن مکمل کر چکے ہیں، جبکہ 22 لاکھ 38 ہزار 126 صارفین نے ابھی تک تصدیقی عمل مکمل نہیں کیا، جس کے باعث ان کی سبسڈی متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہے۔
فیسکو نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے تازہ بجلی کے بل پر موجود کیو آر کوڈ کو موبائل فون سے اسکین کریں، اس کے بعد اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر اور رجسٹرڈ موبائل نمبر درج کریں۔ بعد ازاں موصول ہونے والا ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) درج کرکے ویریفکیشن کا عمل مکمل کریں تاکہ حکومتی سبسڈی کا تسلسل برقرار رہے۔
فیسکو انتظامیہ کے مطابق اس جدید نظام کا مقصد غیر مستحق افراد کی جانب سے سبسڈی کے غلط استعمال کی روک تھام کرنا اور حکومتی ریلیف صرف حقیقی اور مستحق صارفین تک پہنچانا ہے۔
ترجمان نے عوام کو خبردار کیا کہ وہ صرف اپنے اصل بجلی کے بل پر موجود کیو آر کوڈ ہی استعمال کریں اور کسی بھی جعلی ویب سائٹ، مشکوک لنک یا غیر مصدقہ پلیٹ فارم پر اپنی ذاتی معلومات، قومی شناختی کارڈ نمبر یا موبائل نمبر ہرگز درج نہ کریں تاکہ آن لائن فراڈ سے محفوظ رہا جا سکے۔
فیسکو نے تمام اہل صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد ویریفکیشن مکمل کریں تاکہ مستقبل میں بجلی کے بل پر ملنے والی حکومتی سبسڈی میں کسی قسم کی رکاوٹ یا تعطل پیدا نہ ہو۔
READ MORE FAQS”
سوال 1: فیسکو نے صارفین کو کیا ہدایت دی ہے؟
جواب: فیسکو نے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین کو بجلی کے بل پر موجود QR کوڈ کے ذریعے فوری ویریفکیشن مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔
سوال 2: اگر QR ویریفکیشن مکمل نہ کی جائے تو کیا ہوگا؟
جواب: ویریفکیشن مکمل نہ کرنے کی صورت میں حکومتی بجلی سبسڈی متاثر ہو سکتی ہے اور صارف سبسڈی سے محروم ہو سکتا ہے۔
سوال 3: QR ویریفکیشن کیسے مکمل کی جا سکتی ہے؟
جواب: صارف اپنے بجلی کے بل پر موجود QR کوڈ موبائل فون سے اسکین کریں، شناختی کارڈ نمبر اور رجسٹرڈ موبائل نمبر درج کریں، پھر موصول ہونے والا OTP داخل کرکے ویریفکیشن مکمل کریں۔
سوال 4: فیسکو ریجن میں کتنے صارفین نے ویریفکیشن مکمل کی؟
جواب: فیسکو کے مطابق 39 لاکھ 51 ہزار 336 اہل صارفین میں سے اب تک 17 لاکھ 13 ہزار 110 صارفین ویریفکیشن مکمل کر چکے ہیں جبکہ 22 لاکھ 38 ہزار 126 صارفین نے ابھی تک یہ عمل مکمل نہیں کیا۔
سوال 5: فیسکو نے صارفین کو کس چیز سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے؟
جواب: فیسکو نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ صرف اپنے اصل بجلی کے بل پر موجود QR کوڈ استعمال کریں اور کسی جعلی ویب سائٹ، مشکوک لنک یا غیر مصدقہ پلیٹ فارم پر اپنی ذاتی معلومات درج نہ کریں۔






