مصطفیٰ کمال کا عمران فاروق کے قتل کا الزام بانی ایم کیو ایم الطاف حسین پر عائد، وفاقی وزیر کا الطاف حسین کو مہاجر قوم کا ’’سب سے بڑا غدار‘‘ قرار
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے الزام عائد کیا ہے کہ ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین نے سینئر رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کو قتل کروایا۔
کراچی میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا کہ ڈاکٹر عمران فاروق کو ان کی سالگرہ کے دن قتل کروا کر الطاف حسین نے خود کو ’’سالگرہ کا تحفہ‘‘ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی ایم کیو ایم گزشتہ 25 برس تک بھارتی خفیہ ایجنسی را سے مالی معاونت لیتے رہے۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ نشے کی حالت میں الطاف حسین نے ایک ایسے شخص کو قتل کروایا جس نے پارٹی کو 40 سال دیے۔ مصطفیٰ کمال کے مطابق ڈاکٹر عمران فاروق کی اہلیہ کی میت پر بھی بانی ایم کیو ایم نے محض ڈرامہ بازی کی اور دنیا بھر سے چندہ اکٹھا کیا، حالانکہ ان کے گھروں اور دفاتر سے لاکھوں پاؤنڈ برآمد ہو چکے تھے۔

انہوں نے کہا کہ عمران فاروق کے قتل کے بعد اہل خانہ سے کوئی رابطہ نہیں رکھا گیا اور اب اچانک ان کی اہلیہ کے انتقال پر واویلا مچایا جا رہا ہے۔ مصطفیٰ کمال نے چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ اگر الطاف حسین بے گناہ ہیں تو وہ اس کیس کو دوبارہ کھلوانے کی ہمت کریں، وہ ذاتی حیثیت میں اس قانونی جدوجہد میں ساتھ دینے کو تیار ہیں۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ وہ خود ڈاکٹر عمران فاروق کی نماز جنازہ کے موقع پر موجود تھے اور وہاں بھی بانی ایم کیو ایم کی ترجیح صرف تصاویر بنوانا تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ کو شروع سے معلوم تھا کہ عمران فاروق کے قتل کے پیچھے کون ہے، اسی لیے بچوں کو کئی روز تک چھپایا گیا۔
وفاقی وزیر نے الطاف حسین کو مہاجر قوم کا ’’سب سے بڑا غدار‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چار دہائیوں میں بے شمار لوگوں کو سیاسی مفادات کی بھینٹ چڑھایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بانی ایم کیو ایم واقعی آئینی حقوق کے لیے سنجیدہ ہوتے تو برسوں پہلے آئینی ترامیم ممکن ہو چکی ہوتیں۔
مصطفیٰ کمال نے ڈاکٹر عمران فاروق کے بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے والد کے قتل کی تحقیقات کے لیے عدالت سے رجوع کریں اور خاموشی کو کمزوری نہ سمجھیں۔ پریس کانفرنس کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ یہ صرف ’’ٹریلر‘‘ ہے اور آنے والے دنوں میں مزید حقائق سامنے لائے جائیں گے۔
مصطفیٰ کمال نے ڈاکٹر عمران فاروق کے بیہیمانہ قتل سے پردہ اٹھا کر بانی ایم کیو ایم کو بےنقاب کردیا...!!#MustafaKamal #MQMPakistan #ImranFarooqCase #PoliticalAccountability #TruthRevealed #Karachi #Pakistan pic.twitter.com/KvH2wXEquo
— Syed Mustafa Kamal (@KamalMQM) December 29, 2025