پاکستان میں سونے اور تانبے کی نئی دریافت، ماری انرجیز کا اہم اعلان
بلوچستان کے ضلع چاغی میں ریکوڈک سے 50 کلومیٹر مشرق کی جانب ایسٹ سیاہ دیق کے مقام پر تانبے اور سونے کی معدنیات دریافت ہوئی ہیں۔
پاکستان کے معدنی شعبے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں ماری انرجیز لمیٹڈ نے بلوچستان کے ضلع چاغی میں تانبے اور سونے کی معدنیات کی دریافت سے متعلق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کردیا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ دریافت اس کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی ماری منرلز (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے چاغی میں واقع ایسٹ سیاہ دیق (ESD-1) کے مقام پر کی ہے۔ یہ علاقہ ریکوڈک کے تانبے اور سونے کے منصوبے سے تقریباً 50 کلومیٹر مشرق اور نوکنڈی سے 25 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے۔
ماری انرجیز کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق ابتدائی ڈرلنگ کے دوران تقریباً 1.4 مربع کلومیٹر کے علاقے میں تانبے کی پورفیری طرز کی معدنیات کے شواہد ملے ہیں۔ یہ معدنیات تقریباً 100 میٹر موٹی سطحی تہہ کے نیچے موجود چٹانوں میں پائی گئی ہیں۔
کمپنی کے مطابق ایسٹ سیاہ دیق کے مقام پر اب تک تقریباً 25 ہزار میٹر ڈرلنگ مکمل کی جاچکی ہے، جو دو مراحل میں کی گئی۔ پہلے مرحلے کے نمونوں کے تجزیے میں تانبے اور سونے کی موجودگی سامنے آئی ہے، جبکہ دوسرے مرحلے کے ڈرل ہولز کے نمونوں کی جانچ جاری ہے۔
فیز ون اے کے 19 ڈرل ہولز میں سے ایک میں 400.25 میٹر کی لمبائی کے دوران تانبے کی مقدار 0.50 فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ اسی نمونے میں سونے کی مقدار 0.11 گرام فی ٹن بتائی گئی۔ کمپنی کے مطابق دوسرے مرحلے کے نمونوں کے تجزیاتی نتائج 2027 کی پہلی سہ ماہی میں متوقع ہیں۔
ماری انرجیز نے بتایا کہ آئندہ مرحلے میں مزید ڈرلنگ کی جائے گی، جس کے ذریعے معدنیات کی موجودگی کو 500 میٹر سے زیادہ گہرائی میں جانچا جائے گا اور تلاش کا عمل ایک ہزار میٹر تک بڑھانے کا منصوبہ ہے۔ کمپنی ابتدائی ڈرلنگ کے نتائج کی بنیاد پر ارضیاتی ماڈل اور معدنی وسائل کا تخمینہ بھی تیار کرے گی۔
نمونوں کے تجزیے کے معیار کو جانچنے کے لیے کمپنی نے معیاری طریقہ کار اختیار کیا ہے، جس میں آسٹریلیا کی OREAS کمپنی کے سرٹیفائیڈ ریفرنس میٹریلز سمیت دیگر کوالٹی کنٹرول اقدامات شامل ہیں۔ کمپنی کے مطابق نمونوں کی تیاری اور تجزیہ ایس جی ایس پاکستان کے ذریعے کیا گیا ہے۔
اس دریافت سے متعلق تکنیکی معلومات کا جائزہ جون مورٹیمر نے لیا ہے، جو جے ایم جیو سائنسز سے وابستہ ماہر ارضیات ہیں اور معدنیات کی تلاش کے شعبے میں 40 سال سے زیادہ تجربہ رکھتے ہیں۔
تاہم کمپنی نے واضح کیا ہے کہ موجودہ نتائج کو ابھی باقاعدہ معدنی وسائل یا ثابت شدہ ذخائر قرار نہیں دیا جاسکتا۔ ان معدنیات کے اصل حجم، معیار، تسلسل اور معاشی افادیت کا تعین کرنے کے لیے مزید ڈرلنگ، ارضیاتی تحقیق، دھات کاری کے تجربات اور تکنیکی مطالعات درکار ہوں گے۔
ماہرین کے مطابق چاغی میں تانبے اور سونے کی معدنیات کی تلاش میں پیشرفت پاکستان کے معدنی شعبے کے لیے اہم ثابت ہوسکتی ہے، تاہم اس دریافت سے تجارتی پیداوار یا کان کنی کے آغاز کا حتمی وقت مزید تحقیق اور منصوبہ بندی کے بعد ہی طے ہوگا۔
READ MORE FAQS
1۔ پاکستان میں سونے اور تانبے کی نئی دریافت کہاں ہوئی ہے؟
یہ دریافت بلوچستان کے ضلع چاغی میں ایسٹ سیاہ دیق (ESD-1) کے مقام پر ہوئی ہے۔
2۔ یہ مقام ریکوڈک سے کتنی دور ہے؟
ایسٹ سیاہ دیق کا مقام ریکوڈک منصوبے سے تقریباً 50 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔
3۔ معدنیات کتنے رقبے میں پھیلی ہوئی ہیں؟
ابتدائی ڈرلنگ کے مطابق معدنیات تقریباً 1.4 مربع کلومیٹر کے علاقے میں پائی گئی ہیں۔
4۔ ماری انرجیز مزید کیا اقدامات کرے گی؟
کمپنی مزید ڈرلنگ، نمونوں کے تجزیے اور معدنی وسائل کا ابتدائی تخمینہ تیار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔








