وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ بحرین ، بحرینی قیادت سے اہم ملاقاتیں، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق، ملاقاتوں میں اقتصادی اور تجارتی تعاون مرکزی نکتہ
منامہ (رئیس الاخبار) :— وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے بحرین کے ولی عہد، بحرینی افواج کے نائب سپریم کمانڈر اور وزیراعظم شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ سے قصر القضیبیہ میں ملاقات کی، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ وزیراعظم کا پرتپاک استقبال بحرین کی اعلیٰ قیادت نے کیا۔
وزیراعظم نے بحرینی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بحرین ایک ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم نے بحرین کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی دو سالہ مدت کے لیے غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر مبارکباد بھی دی۔
معاشی تعاون میں توسیع
ملاقات میں اقتصادی اور تجارتی تعاون مرکزی نکتہ رہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان موجودہ 550 ملین ڈالر سالانہ تجارت کو آئندہ تین سالوں میں 1 بلین ڈالر تک پہنچایا جائے گا۔
اس ضمن میں جی سی سی–پاکستان فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے حتمی مراحل اور ویزا شرائط میں نرمی اہم کردار ادا کریں گے۔
وزیراعظم نے بحرینی سرمایہ کاروں کو فوڈ سیکیورٹی، آئی ٹی، تعمیرات، کان کنی، صحت، قابل تجدید توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
بندرگاہی رابطے اور پاکستانی کمیونٹی
وزیراعظم نے کراچی/گوادر اور خلیفہ بن سلمان پورٹ کے درمیان پورٹ ٹو پورٹ لنکیج بڑھانے کی بھی تجویز پیش کی۔
انہوں نے بحرین میں مقیم ڈیڑھ لاکھ سے زائد پاکستانیوں کے لیے بحرینی حکومت کی معاونت کو سراہا اور مزید ہنر مند افرادی قوت فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اعلیٰ تعلیم اور سماجی تعاون
وزیراعظم نے اعلیٰ تعلیم، ٹیکنیکل ٹریننگ، ڈیجیٹل گورننس میں مزید تعاون کا خیرمقدم کیا۔
انہوں نے اسلام آباد میں کنگ حمد یونیورسٹی کی تعمیر اور پاکستانی شہریوں کی رہائی میں تعاون پر بھی بحرین کا شکریہ ادا کیا۔
دفاع اور سلامتی پر گفتگو
دونوں رہنماؤں نے دفاعی، سیکیورٹی اور معلوماتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، جن میں فوجی تربیت، سائبر سیکیورٹی، دفاعی پیداوار اور انٹیلیجنس شیئرنگ شامل ہیں۔
غزہ کی صورتحال پر اتفاق
ملاقات میں غزہ کی حالیہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ غزہ کے عوام کے لیے دیرپا امن اور استحکام کا قیام انتہائی اہم ہے۔
دورہ منامہ
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر منامہ پہنچے، جہاں بحرین کے ولی عہد اور اعلیٰ قیادت نے ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ بحرین کے وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی سمیت سینئر حکام شامل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ بحرین کا مقصد
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ بحرین کا مقصد پاکستان اور بحرین نتائج پر مبنی تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنا ہے۔
دورے سے دونوں ممالک کے درمیان روایتی گرمجوش تعلقات کو مزید تقویت ملے گی، عوامی روابط گہرے ہوں گے اور تعاون کے نئے راستے کھلیں گے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف دو روزہ دورے پر بحرین کے دارالحکومت منامہ پہنچ گئے۔
منامہ ایئرپورٹ پر بحرین کے ولی عہد، بحرینی افواج کے نائب سپریم کمانڈر اور وزیراعظم عزت مآب شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ، بحرینی نائب وزیراعظم عزت مآب خالد بن عبداللہ الخلیفہ، بحرینی وزیرِ خارجہ عزت مآب… pic.twitter.com/dG73AZ82tk
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) November 26, 2025










