سپریم کورٹ کے باہر پی ٹی آئی رہنماؤں کا دھرنا، نعرے بازی، سلمان اکرم راجہ کی چیف جسٹس سے ملاقات، رجسٹرار سے ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے اٹارنی جنرل سے بھی ملاقات
اسلام آباد: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور دیگر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے سپریم کورٹ کے باہر دھرنا دے دیا، جہاں پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں نے نعرے بازی کی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی سے ملاقات کے لیے سپریم کورٹ پہنچی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ اور لطیف کھوسہ کی رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات ہوئی، جو تقریباً 10 منٹ تک جاری رہی۔ رجسٹرار سے ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے اٹارنی جنرل سے بھی ملاقات کی۔

کچھ دیر بعد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی بھی سپریم کورٹ کے باہر پہنچ گئے۔ پی ٹی آئی رہنما شفیع جان کا کہنا تھا کہ وہ چیف جسٹس سے ملاقات کے لیے آئے ہیں اور اگر ضرورت پڑی تو آئینی عدالت سے بھی رجوع کیا جائے گا۔
سپریم کورٹ کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، اضافی نفری تعینات کر دی گئی جبکہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر مزید قیدی وینز بھی سپریم کورٹ کے باہر پہنچا دی گئیں۔
دھرنے میں سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس بھی شریک ہو گئے، جبکہ پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے سپریم کورٹ کے باہر مسلسل نعرے بازی کی جاتی رہی۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج کو اڈیالہ جیل بھیجنے سے انکار کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے ایک نجی اسپتال کے دو ڈاکٹروں کے نام حکومت کو فراہم کیے گئے ہیں اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ انہیں بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کے لیے اڈیالہ بھیجا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت ان دو نجی ڈاکٹروں کے ناموں پر غور کر رہی ہے۔
سلمان اکرم راجہ کی چیف جسٹس سے ملاقات
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما سلمان اکرم راجہ کی چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی سے ملاقات ہوئی جو 30 منٹ سے زائد تک جاری رہی۔ سلمان اکرم راجہ کی چیف جسٹس سے ملاقات کے دوران سلمان اکرم راجہ نے چیف جسٹس کو پی ٹی آئی کے تحفظات اور مطالبات سے آگاہ کیا۔
بیرسٹر سلمان اکرم راجہ 🚨
عمران خان کی ایسی حالت کر دی گئی کہ ہسپتال لے جانا پڑا اور فیملی کو بھی کچھ نہیں بتایا۔ عمران خان کی صحت سے کوئی بھی چیز ہمارے لئے اہم نہیں pic.twitter.com/2Pcroj7CEQ
— Faisal Khan (@KaliwalYam) January 30, 2026