پنجاب اسکولوں میں موسم گرما کی چھٹیاں: حکومت نے تاحال حتمی فیصلہ نہ کیا، موسم گرما کی چھٹیوں میں 15 سے 20 دن تک کمی کی تجویز
لاہور: پنجاب بھر کے اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات 2026 کے حوالے سے صوبائی حکومت کا مؤقف سامنے آگیا ہے، جبکہ چھٹیوں میں ممکنہ کمی سے متعلق مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پنجاب کے اسکولوں میں موسم گرما کی چھٹیوں کے حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق تعطیلات سے متعلق تین سے چار مختلف تجاویز پر غور جاری ہے اور آئندہ چند روز میں حتمی اعلان متوقع ہے۔

رانا سکندر حیات نے واضح کیا کہ حکومت رواں سال تعلیمی نقصان کو پورا کرنے کے لیے موسم گرما کی چھٹیاں کم کرنے پر غور کر رہی ہے تاکہ تدریسی عمل متاثر نہ ہو اور سلیبس بروقت مکمل کیا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت تعلیمی سال میں تدریسی ایام کی تعداد 180 سے بڑھا کر 190 دن تک لے جانا چاہتی ہے، جس کے لیے موسم گرما کی چھٹیوں میں 15 سے 20 دن تک کمی کی تجویز زیر غور ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم کے مطابق صرف موسم گرما کی چھٹیاں ہی نہیں بلکہ سردیوں کی تعطیلات میں بھی 5 سے 6 دن کی کمی کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ طلبہ کی تعلیمی کارکردگی بہتر بنائی جا سکے۔
واضح رہے کہ اپریل 2026 میں بھی رانا سکندر حیات نے موسم گرما کی تعطیلات کے حوالے سے جاری قیاس آرائیوں پر وضاحت دیتے ہوئے کہا تھا کہ چھٹیوں سے متعلق کوئی بھی حتمی فیصلہ مئی کے بعد کیا جائے گا۔
تعلیمی حلقوں کے مطابق اگر تعطیلات میں کمی کی جاتی ہے تو اس سے طلبہ اور اساتذہ کے شیڈول پر نمایاں اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، تاہم حکومت کا مؤقف ہے کہ اضافی تدریسی دنوں سے تعلیمی معیار بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
پنجاب میں 22 مئی سے 2 اگست تک موسم گرما کی چھٹیوں کی تجویز زیر غور،موسم گرما میں سمر کیمپ لگانے کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے، رانا سکندر حیات pic.twitter.com/GOnwI2v8sK
— Muhammad Zeeshan Awan (@surrakimuhammad) May 9, 2026