وزیراعظم شہباز شریف: سیاسی و عسکری قیادت کی شراکت داری نے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کیا، ایران، امریکا اور خلیجی ممالک پاکستان پر اعتماد کرتے ہیں
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی مؤثر شراکت داری نے عالمی سطح پر ملک کا مثبت تشخص اجاگر کیا ہے اور دنیا پاکستان کو ایک قابلِ اعتماد اور ذمہ دار ریاست کے طور پر دیکھ رہی ہے۔

برطانوی جریدے “دی سنڈے ٹائمز” کو دیے گئے انٹرویو میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو دنیا ایک ایماندار ثالث اور قابلِ بھروسا ملک کے طور پر تسلیم کر رہی ہے، جو ملکی تاریخ کا ایک روشن لمحہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران، امریکا اور خلیجی ممالک پاکستان پر اعتماد کرتے ہیں اور امن مذاکرات کے لیے پاکستان کو ایک قابلِ اعتماد ثالث سمجھا جا رہا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسلسل سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور عالمی امن کے لیے اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لا رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے مشکل حالات کے باوجود ایک ذمہ دار اور مؤثر سفارتی کردار ادا کیا، جس کے مثبت نتائج عالمی سطح پر سامنے آ رہے ہیں۔
انہوں نے ملکی معیشت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو برس کے دوران معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے جس کے نتیجے میں مہنگائی کی شرح کم ہو کر سنگل ڈیجٹ میں آ چکی ہے۔
وزیراعظم نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور معاشی ترقی کے لیے اپنا مثبت کردار مستقبل میں بھی جاری رکھے گا۔