امریکا ایران معاہدے کے لیے مثبت اشارے موجود ہیں،پاکستانی حکام آج تہران کا دورہ کریں گے، مارکو روبیو

امریکا ایران معاہدے کے لیے مثبت اشارے موجود ہیں، مارکو روبیو
Facebook
X
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

امریکا ایران معاہدے کے لیے مثبت اشارے موجود ہیں،پاکستانی حکام آج تہران کا دورہ کریں گے،وزیر خارجہ مارکو روبیو

واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے کے حوالے سے کچھ مثبت اشارے سامنے آ رہے ہیں جبکہ پاکستانی حکام کے تہران دورے سے مذاکراتی عمل آگے بڑھنے کی امید ہے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ پاکستانی حکام آج تہران کا دورہ کریں گے اور امید ہے کہ یہ پیش رفت امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات میں مددگار ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اولین ترجیح ایک اچھا معاہدہ کرنا ہے اور اگر امریکا ایران معاہدے ممکن ہو جاتا ہے تو یہ ایک بڑی کامیابی ہوگی۔

وائٹ ہاؤس میں ایران پالیسی پر ٹرمپ انتظامیہ تقسیم کا شکار
ٹرمپ انتظامیہ میں ایران پالیسی پر اختلافات سامنے آگئے

مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ اگر امریکا اور ایران کے درمیان کوئی مؤثر معاہدہ نہ ہو سکا تو صدر ٹرمپ کے پاس دیگر آپشنز بھی موجود ہیں، تاہم انہوں نے ان آپشنز کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ اگرچہ امریکا ایران معاہدے کے حوالے سے کچھ اچھے آثار ضرور موجود ہیں لیکن وہ حد سے زیادہ پرامید نہیں ہونا چاہتے اور آنے والے چند دن اس حوالے سے انتہائی اہم ہوں گے۔

دوسری جانب مارکو روبیو نے نیٹو ممالک کے رویے پر بھی تنقید کی اور کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ بعض یورپی اتحادیوں کے ردعمل سے شدید مایوس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیٹو امریکا کے لیے اس لیے اہم ہے کیونکہ اس کے ذریعے امریکا کو ایسے فوجی اڈے میسر آتے ہیں جو مشرق وسطیٰ سمیت دیگر خطوں میں ہنگامی حالات کے دوران مدد فراہم کرتے ہیں۔

مارکو روبیو نے اسپین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر بعض ممالک امریکا کو ان اڈوں کے استعمال سے روکیں تو پھر نیٹو اتحاد کے مقصد پر سوال اٹھتا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کوششیں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں جبکہ آنے والے دن خطے کی سیاست کے لیے نہایت اہم تصور کیے جا رہے ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

[فرمان الہی]
[نماز کے اوقات]