جنید صفدر کی دعوت ولیمہ، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور اہم سیاسی، عسکری، کاروباری اور سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی شرکت،
لاہور : سربراہ پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کے نواسے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے صاحبزادے جنید صفدر کی دعوتِ ولیمہ کی پُروقار تقریب لاہور میں منعقد ہوئی، جس میں ملکی و غیر ملکی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
رپورٹس کے مطابق جنید صفدر اور شانزے علی روحیل کی دعوتِ ولیمہ کی تقریب جاتی عمرہ فارمز میں منعقد ہوئی، جس میں تقریباً 800 مہمانوں کو مدعو کیا گیا۔ تقریب میں سیاسی، عسکری، کاروباری اور سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات شریک ہوئیں۔
جنید صفدر کی دعوت ولیمہ کی تقریب میں فیلڈ مارشل چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف سید عاصم منیر نے بھی خصوصی شرکت کی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ بیٹھے رہے اور شریف خاندان کو شادی کی خوشیوں پر مبارکباد دی۔

جنید صفدر کی دعوت ولیمہ کی تقریب کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سیاسی رہنماؤں کی جانب سے بھارتی غرور کو خاک میں ملانے پر خصوصی مبارکباد بھی دی گئی، جس پر وہ تقریب کا مرکزِ نگاہ بنے رہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے صاحبزادے جنید صفدر کی دعوتِ ولیمہ میں موسیقی کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے۔ 50 رکنی آرکسٹرا نے مختلف میوزیکل دھنوں کے ذریعے مہمانوں کو محظوظ کیا۔ اس بینڈ کی سربراہی انٹرنیشنل میوزک ڈائریکٹر نجاد علی نے کی۔
جنید صفدر کی دعوت ولیمہ کی تقریب میں لاہور جاز انسمبل بینڈ نے بھی پرفارم کیا، جس کے لیے بینڈ نے سات روز تک مسلسل ریہرسل کی۔ دعوتِ ولیمہ میں سیاست دانوں، بزنس کمیونٹی کے نمائندوں اور بین الاقوامی مہمانوں نے بھی شرکت کی۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما عابد شیر علی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ولیمے کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے جنید صفدر کو شادی کی مبارکباد دی اور ان کی ازدواجی زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
Field marshal Syed Asim Munir at the Walima Reception of Junaid Safdar and Shanzeh Rohail in Lahore pic.twitter.com/4xGpvFWndb
— Murtaza Ali Shah (@MurtazaViews) January 18, 2026