کھنہ پولیس اسٹیشن مسمار،محسن نقوی کا اسلام آباد میں 10 نئے پولیس اسٹیشن بنانے کا اعلان

اسلام آباد میں کھنہ پل کے قریب پرانے کھنہ پولیس اسٹیشن کی مسماری کا منظر

کھنہ پولیس اسٹیشن مسمار،محسن نقوی کا اسلام آباد میں 10 نئے پولیس اسٹیشن بنانے کا اعلان

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کی اصل خوبصورتی بحال کرنا اور گرین بیلٹس کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی بلاامتیاز جاری رہے گی اور سرکاری اداروں کو بھی اس کارروائی سے استثنیٰ حاصل نہیں ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ کھنہ پولیس اسٹیشن کو عارضی طور پر کرائے کی عمارت میں منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ سی ڈی اے پولیس کے لیے نئی عمارت تعمیر کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ چند روز قبل مہرہ کے قریب فرنٹیئر کور (ایف سی) کی تنصیب بھی ہٹائی گئی تھی، جہاں اب عوام کے لیے پارک تعمیر کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق تجاوزات ختم کرنے کے ساتھ متاثرہ افراد کو متبادل جگہیں فراہم کرنا بھی ضروری ہے۔

کشمیر چوک انڈر پاس منصوبہ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کشمیر چوک انڈر پاس منصوبے کے تعمیراتی کام کا جائزہ لے رہے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ریڑھی بانوں اور چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو مارکیٹوں میں مخصوص جگہیں فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ عوامی مقامات پر قبضہ کیے بغیر اپنا روزگار جاری رکھ سکیں۔

محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے 10 نئے پولیس اسٹیشن تعمیر کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر وفاقی دارالحکومت کے تمام 27 پولیس اسٹیشنوں کی عمارتیں تبدیل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔

وزیر داخلہ کے مطابق اب تک 8 یا 9 پولیس اسٹیشنوں کی تزئین و آرائش مکمل ہوچکی ہے، جبکہ باقی منصوبوں کے لیے زمین مختص کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جدید سہولیات سے آراستہ پولیس اسٹیشن تعمیر کرنا چاہتی ہے تاکہ شہریوں کو پولیس خدمات کے حصول میں آسانی ہو۔

وزیر داخلہ نے اسلام آباد اور راولپنڈی پولیس کے درمیان رابطوں اور دائرہ اختیار سے متعلق مسائل کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں پولیس فورسز کے درمیان بہتر رابطہ کاری کی ضرورت ہے، خصوصاً کھنہ پل اور اسلام آباد ایکسپریس وے کے اطراف پولیس کے دائرہ اختیار سے متعلق معاملات حل کیے جائیں گے۔

محسن نقوی نے پولیس ہیلپ لائن 15 پر موصول ہونے والی کالز غلط شہر کی پولیس کو منتقل ہونے کے معاملے کا نوٹس لینے اور متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

محسن نقوی نے اسلام آباد میں ایمرجنسی رسپانس اور فائر فائٹنگ سروسز کو جدید بنانے کے منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ شہر میں چار نئے ایمرجنسی مراکز قائم کیے جائیں گے، جبکہ پانچ موجودہ مراکز کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں فائر فائٹنگ کے لیے نئے آلات اور گاڑیاں فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق ایمبولینس اور فائر بریگیڈ سروسز کو ایک مربوط نظام کے تحت چلانے پر بھی کام جاری ہے۔

محسن نقوی کا سینیٹ میں مولانا فضل الرحمان سے متعلق بیان اور بلیو پاسپورٹ پالیسی
وزیر داخلہ محسن نقوی نے سینیٹ میں مولانا فضل الرحمان کے بیان پر ردعمل دیا اور پاسپورٹ پالیسی سے متعلق امور پر گفتگو کی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی میں 22 فائر انجن موصول ہوچکے ہیں، جبکہ مزید گاڑیاں بھی آرڈر کی گئی ہیں۔ ان کے مطابق بلند عمارتوں میں آگ بجھانے کے لیے جدید ایریل لیڈر فائر انجن بھی حاصل کیے جا رہے ہیں تاکہ ہنگامی حالات میں زیادہ بلندی تک رسائی ممکن ہوسکے۔

محسن نقوی نے اسلام آباد ایمرجنسی سروسز کے سابق ڈائریکٹر جنرل کی برطرفی کے معاملے پر بتایا کہ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے کو تقریباً 45 روز گزر چکے ہیں اور انکوائری رپورٹ متوقع ہے۔ وزیراعظم اس معاملے کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے پر غور کر رہے ہیں۔ اگر کمیٹی متعلقہ افسر کو بے قصور قرار دیتی ہے تو انہیں دوبارہ تعینات کیے جانے کی امید ہے۔

وزیر داخلہ نے اسلام آباد کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ ان کے مطابق ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے تعاون سے تعمیر ہونے والا مارگلہ انکلیو تقریباً 20 ہزار کنال اراضی پر مشتمل ہے اور منصوبہ آخری مراحل کے قریب ہے۔

محسن نقوی نے بتایا کہ سیکٹر ای 12 میں ترقیاتی کام دوبارہ شروع ہوچکے ہیں، جبکہ سیکٹر سی 14، سی 15، سی 16 اور سی 17 میں بھی کام جاری ہے۔ حکومت ان رہائشی سیکٹرز میں ترقیاتی کاموں کی تاخیر ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے جہاں تقریباً دو دہائیوں سے کام رکا ہوا تھا۔

وزیر داخلہ نے مزید بتایا کہ اسلام آباد میں نئے کرکٹ اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد آئندہ ایک ہفتے سے 10 روز کے دوران رکھے جانے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں تجاوزات کے خاتمے، پولیس انفراسٹرکچر کی بہتری، جدید ریسکیو سہولیات اور ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔


READ MORE FAQS”

سوال 1: اسلام آباد میں کون سا پولیس اسٹیشن مسمار کیا گیا؟

جواب: سی ڈی اے نے کھنہ پل انٹرچینج کے قریب گرین بیلٹ پر قائم تقریباً 30 سال پرانا کھنہ پولیس اسٹیشن مسمار کیا۔

سوال 2: کھنہ پولیس اسٹیشن کو کہاں منتقل کیا گیا ہے؟

جواب: وزیر داخلہ محسن نقوی کے مطابق پولیس اسٹیشن کو عارضی طور پر کرائے کی عمارت میں منتقل کردیا گیا ہے۔

سوال 3: اسلام آباد میں کتنے نئے پولیس اسٹیشن تعمیر کیے جائیں گے؟

جواب: وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں 10 نئے پولیس اسٹیشن تعمیر کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔

سوال 4: اسلام آباد میں کتنے نئے ایمرجنسی مراکز قائم کیے جائیں گے؟

جواب: وزیر داخلہ کے مطابق اسلام آباد میں چار نئے ایمرجنسی مراکز قائم کیے جائیں گے، جبکہ پانچ موجودہ مراکز کو جدید بنایا جائے گا۔

وَأَقِيمُوا الصَّلَاةَ وَآتُوا الزَّكَاةَ وَركَعُوا مَعَ الرَّاكِعِينَ

فجر05:01 AM
طلوع آفتاب06:25 AM
ظہر11:51 AM
عصر02:55 PM
مغرب05:18 PM
عشاء06:42 PM
اے ایمان والو! اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لے کر آئے، تو خوب تحقیق کر لیا کرو، ایسا نہ ہو کہ تم کسی قوم کو نادانی میں نقصان پہنچا بیٹھو، پھر اپنے کیے پر پچھتاتے رہو۔  الحجرات: 6