ٹانک اور لکی مروت میں پولیس پر حملے، بکتر بند گاڑی آئی ای ڈی دھماکے میں تباہ، ایس ایچ او سمیت 6 اہلکار شہید

ٹانک اور لکی مروت میں پولیس پر حملے،6 اہلکار شہید
Facebook
X
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

ٹانک اور لکی مروت میں پولیس پر حملے، بکتر بند گاڑی آئی ای ڈی دھماکے میں تباہ، ایس ایچ او سمیت 6 اہلکار شہید، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ بکتر بند گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

ٹانک / لکی مروت : خیبر پختونخوا کے اضلاع ٹانک اور لکی مروت میں پولیس پر ہونے والے دو الگ الگ دہشت گرد حملوں میں ایس ایچ او سمیت 6 پولیس اہلکار شہید جبکہ 3 اہلکار زخمی ہو گئے۔ ٹانک میں پولیس کی بکتر بند گاڑی آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

پولیس کے مطابق ٹانک کے علاقے گومل میں کوٹ ولی سے تقریباً 25 کلومیٹر کے فاصلے پر پولیس کی اے پی سی (Armored Personnel Carrier) کو نشانہ بنایا گیا۔ حملہ اس وقت کیا گیا جب پولیس معمول کی گشت پر تھی۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ بکتر بند گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق لکی مروت میں پولیس پر حملے میں اسحاق احمد خان (ایس ایچ او تھانہ گومل)، اے ایس آئی شیر اسلم خان، ڈرائیور عبدالمجید، ارشد علی، حضرت علی اور احسان اللہ موقع پر ہی شہید ہو گئے۔

لکی مروت میں پولیس پر حملے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوع پر پہنچ گئے اور شہداء کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

اسلام آباد میں شادی والے گھر میں سلنڈر دھماکا، دولہا دلہن سمیت 8 افراد جاں بحق
اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون ٹو میں شادی کے دوران سلنڈر دھماکے کے بعد ریسکیو اہلکار موقع پر موجود

دوسرا واقعہ لکی مروت میں پیش آیا جہاں تھانہ صدر کی حدود درہ تنگ پل کے قریب آئی ای ڈی دھماکا ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں ایس ایچ او رازق خان سمیت 3 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق دھماکا خیز مواد پل کے قریب نصب کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق اس وقت ڈی پی او لکی مروت بھی چوکیوں کے دورے پر تھے اور انہیں بھی اسی راستے سے گزرنا تھا۔ یاد رہے کہ ایک روز قبل اسی علاقے سے ایک وکیل کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا بھی کیا تھا۔

دریں اثنا گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ٹانک میں پولیس کی بکتر بند گاڑی پر حملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

اپنے بیان میں گورنر کے پی نے کہا کہ صوبے کے بہادر پولیس جوانوں نے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، قوم اپنے شہداء پر فخر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی پشت پناہی سے کام کرنے والے فتنۃ الخوارج کی ایسی کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں اور صوبائی حکومت کو امن و امان کے قیام کے لیے ٹھوس عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔

 

متعلقہ خبریں

[فرمان الہی]
[نماز کے اوقات]