امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صدر بننے سے قبل کی آڈیو لیک سی این این کے ہاتھ لگ گئی، جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ”یوکرین یا تائیوان پر حملہ کیا تو ماسکو اور بیجنگ پر شدید بمباری کروں گا“۔
آڈیو ریکارڈنگ گذشتہ سال عطیات جمع کرنے کی نجی تقریبات کے دوران کی ہے، آڈیو لیک میں ڈونلڈ ٹرمپ نے، روس اور چین کو یوکرین اور تائیوان پر حملے سے باز رکھنے کے لئے، ماسکو اور بیجنگ پر بمباری کی دھمکی دی تھی۔
آڈیو ریکارڈنگ میں ٹرمپ کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ میں نے، یوکرین پر ‘حملے’ سے باز رکھنے کے لیے، روس کے صدر ولادی میر پوٹن کو ماسکو کو تباہ کرنے کی دھمکی دی ہے۔
آڈیو میں ٹرمپ کہہ رہے ہیں کہ روسی صدر سے کہا تھا کہ اگر تم یوکرین میں داخل ہوئے تو میں ماسکو کو زمین بوس کر دوں گا، میرے پاس کوئی اور راستہ نہیں ہے۔
چین کو بھی بتا دیا کہ اگر تم نے تائیوان پر حملہ کیا تو ہم بیجنگ پر بمباری کریں گے۔ اقتدار میں ہوتا تو غزہ اور یوکرین کی جنگیں نہ ہوتیں۔
ٹرمپ نے کینیڈا پر ٹیرف عائد کردیا:
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا سے درآمد کی جانے والی اشیاء پر یکم اگست سے 35 فیصد نیا ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کردیا، جس سے امریکا اور کینیڈا کے درمیان تجارتی کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دیگر ممالک کو بھی متنبہ کیا کہ وہ امریکی برآمدات پر اگر رعایتیں نہیں دیتے تو انہیں بھی دوگنا ٹیرف دینا پڑے گا، ہم دیگر تمام ممالک پر بھی 15 سے 20 فیصد کے درمیان عمومی ٹیرف عائد کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
امریکی صدر نے دنیا کے متعدد ممالک کو خطوط بھیجے جس میں انہیں کہا گیا ہے کہ اگر وہ یکم اگست سے پہلے امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدہ نہیں کرتے تو ان پر نئی شرح سے ٹیرف لاگو کردیا جائے گا۔